ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جے ڈی ایس قائدین دیانتدار ہیں تو انکم ٹیکس چھاپوں کاخوف کیوں: بی ایس یڈیورپا

جے ڈی ایس قائدین دیانتدار ہیں تو انکم ٹیکس چھاپوں کاخوف کیوں: بی ایس یڈیورپا

Thu, 28 Mar 2019 21:40:56    S.O. News Service

بنگلورو،28؍مارچ(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپانے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے کہ ریاست میں جے ڈی ایس رہنماؤں کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کے چھاپے بی جے پی قیادت کی ایماء پر مارے گئے ہیں۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر جے ڈی ایس رہنماؤں کو اپنی دیانتداری کا یقین ہے تو ان چھاپوں سے وہ خوفزدہ کیوں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان چھاپوں کو کانگریس اور جے ڈی ایس سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ محکمے کے افسروں نے اپنا کام کیا ہے، اگر ان قائدین کو جن کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں اپنی بے گناہی کا یقین ہے تو انہیں گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ محکمۂ انکم ٹیکس کو اگر کسی بات پر شبہ ہوتا ہے تو وہ کسی بھی مقام پر چھاپہ مارنے کا اختیار رکھتے ہیں ان چھاپوں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے اشارہ دیاتھاکہ انکم ٹیکس کے چھاپے مارے جاسکتے ہیں۔اس کا مطلب وہ جانتے تھے کہ انکم ٹیکس چھاپے مارنے والی ہے۔ ہوسکتاہے کہ پیشگی اطلاع ہونے کے سبب کمارسوامی نے اپنے اقرباء کو ہدایت دی گی کہ جو کچھ چھپانا ہے چھپادیں۔ انہوں نے ریاستی وزیر سی ایس پٹ راجو کے اس بیان کی بھی مذمت کی کہ انکم ٹیکس کے چھاپوں کے لئے منڈیا کی آزاد امیدوار سمالتا ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کا بیان دیتے ہوئے پٹ راجو کو شرم آنی چاہئے۔ یڈیورپانے دعویٰ کیا کہ جب بھی انکم ٹیکس چھاپے ماراکرتی ہے تو کانگریس اور جے ڈی ایس اس کا سارا الزام بی جے پی پر ڈال دیتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کی عادت ہے اس سے بی جے پی کو کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے۔ شیموگہ پارلیمانی حلقے سے اپنے فرزند بی وائی راگھویندرا کی کامیابی کا یقین ظاہر کرتے ہوئے یڈیورپانے کہاکہ یہاں انتخابی مہم چلانے کل وہ سابق وزیر اعلیٰ اور سینئر بی جے پی لیڈر ایس ا یم کرشنا کے ساتھ شیموگہ جارہے ہیں ، ان کے ساتھ سابق وزیر کے ایچ سرینواس بھی بی وائی راگھویندرا کے لئے انتخابی مہم چلائیں گے۔


Share: